“قریہ جاں میں کہاں اب وہ سخن کے موسم”________ینگ وومن رائٹرز کے زیر اہتمام ایک شعری نشست پروین شاکر کے نام

مورخہ ستائیس جنوری سن دو ہزار اٹھارہ بروز ہفتہ ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر نے سال نو کی پہلی شعری نشست کو خوشبو کی سفیر ‘پروین شاکر’ کے نام کرتے ہوئے پاکستان سویٹ ہومز اسلام آباد میں شاعری کی ایک بزم بعنوان “قریہ جاں میں کہاں اب وہ سخن کے موسم” سجائی ۔ اس بزم کی صدارت فرحانہ قمر (رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت) نے کی جبکہ مہمانانِ خصوصی، کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی ہردلعزیز شاعرہ انجیل صحیفہ اور آذاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے شاعر احمد فرہاد تھے ۔ مہمانانِ خصوصی میں ارشد ملک، عاطف سعید، علی زریون اور فریحہ نقوی شامل تھے ۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ حمید اور ہدیہ نعتِ پاک سے ہوا جس کی سعادت ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کی آبرؤ نبیلہ اقبال نے حاصل کی ۔ شعری نشست کی نظامت آئزہ آصف اور اسماء شاہ نے کی ۔

تقریب کے آغاز میں خوشبو کی سفیر پروین شاکر کی زندگی اور ان کے قلمی سفر کا مختصر مگر جامع تعارف پیش کیا گیا ۔ اس کے بعد ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کی رضوانہ نور، نوشین قمر، حنا نثار خان، نرگس شاد، اسماء شاہ، میمونہ صدف، آبرو نبیلہ اقبال نے اپنا کلام پڑھ کر سنایا ۔ جبکہ آئزہ آصف نے کوئٹہ میں مقیم شاعرہ ھدی شیخ کا کلام پڑھا ۔ ینگ ویمن رائٹرز فورم، پشاور چیپٹر کی نمائندگی کرتی شاعرات ماریہ اقبال اور حرا نذیر نے بھی اپنا کلام سنایا ۔ حاضرینِ محفل نے تمام شعراء کے کلام کو دل کھول کر سراہا ۔

اس کے علاوہ پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شعراء کی ایک کثیر تعداد نے بھی اس شعری نشست میں شرکت کی ۔ جن میں سے چیدہ چیدہ اعزاز احمد کاظمی، شعیب خان، غوثیہ عنایت، علینہ بخاری، شمامہ افق، رخسانہ سحر، زہرہ بتول، ہاشم علی ہمدم، تیمور ذولفقار، فقیہہ حیدر، سرمد سروش، راز احتشام، ذاکر رحمان، ذیشان حیدر نقوی، سعید سادھو، منیر فیاض، اسلم ساغر، نسیم سحر، سائرہ اقبال، خنسہ نصیر، فقیر سائیں، سیماب ولید اور رخسانہ سحر تھیں ۔ تمام شعراء نے اپنا کلام سنا محفل کا لطف دوبالا کر دیا اور حاضرین سے خوب داد سمیٹی ۔

ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کی شریک بانی اور صدر رابعہ بصری نے اپنی والدہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ‘اپنی جنت کے نام’ سنا کر سب کو آبدیدہ کر دیا ۔

مہمانان اعزاز فریحہ نقوی، ارشد ملک، علی زریون، عاطف سعید، انجیل صحیفہ، احمد فرہاد نے بھی اپنا کلام سنا کر داد سمیٹی اور محفل ‘واہ، واہ، کے شور سے گونجتی رہی ۔

پاکستان سویٹ ہومز کے پیٹرن ان چیف اور سابق رکن قومی اسمبلی زمرد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کہ شعراء اتنی کثیر تعداد میں پہلی بار پاکستان سویٹ ہومز تشریف لائے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ پاکستان کے مسائل پر بھی لکھیں کہ قلم کی طاقت بہت بڑی طاقت ہے ، آپ لکھیں کہ انسان میں سب سے اہم چیز انسانیت ہے ۔ جب انسان میں انسانیت نہ رہے تو روح نہیں رہتی ، محض مردہ جسم رہ جاتا ہے ۔

حاضرین محفل کو پاکستان سویٹ ہومز کی تاریخ اور اس کے اغراض و مقاصد اور اس کی کامیابیوں پر مبنی ایک ڈاکومنڑی بھی دکھائی گئی ۔

اس شعری بزم کی صدر فرحانہ قمر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آج اس بزم میں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا اور میری خواہش ہے کہ آپ لوگ پروین شاکر ، جو کہ ایک لیجنڈ ہیں ، جیسا کلام تخلیق کر سکیں ۔

تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا گیا اور شعری بزم کی صدر، مہمانان خصوصی اور مہمانان اعزاز کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں ۔ سال 2017 کے بہترین میڈیا پارٹنر کا ایوارڈ ‘سچ ٹی وی’ ، ینگ ویمن رائٹرز فورم، اسلام آباد چیپٹر کے لیے سال 2017 کی بہترین نظامت کا ایوارڈ اسماء شاہ اور سال 2017 میں بحثیثت میڈیا ہیڈ اپنے فرائض سے احسن طریقے سے عہدہ براء ہونے اور سب سے متحرک سوشل میڈیا ممبر ہونے کا ایوارڈ عروج احمد نے اپنے نام کیا ۔ جبکہ محمد قیس عباس اور ضامن عباس کو ینگ ویمن رائٹرز فورم، پاکستان نے ان کی بے لوث خدمات کے اعتراف میں اعزازی اسناد اور یادگاری شیلڈز سے نوازا ۔ جس کے بعد اس شعری نشست کی آرگنازنگ کمیٹی میں اسناد تقسیم کی گئیں ۔

تقریب میں نوجوان لکھاریوں کی کتب کی اشاعت میں معاونت دینے والے ادارے ‘داستان’ کے بانی سید عمر اور ینگ ویمن رائٹرز فورم، پاکستان کی اوور سیئر سدرہ امین بھی موجود تھیں ۔ اس تقریب کو چھ میڈیا چینلز نے کور کیا جن میں پی ٹی وی، سچ ٹی وی، وقت ٹی وی، نیو ٹی وی، کیپیٹل ٹی وی اور ہم نیوز شامل ہیں ۔

رپورٹ: عروج احمد

1 Comment

Leave a comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.